سداپور:13؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) نئے سرسی ضلع کی تشکیل کا مطالبہ لے کر حکومت کو متوجہ کرنے کے لئے سداپور میں ہوراٹا سمیتی کی جانب سے مشعل ریلی کا اہتمام کیا گیا اورحکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سرسی کو جلد ہی نیا ضلع ڈکلیر کیا جائے
سرسی ضلع ہوراٹا سمیتی کے صدر اوپیندراپائی نے اس موقع پر خطاب کرتےہوئے کہاکہ ترقی اورسہولیات کے پیش نظر گھاٹ کے اوپر والے تعلقہ جات کو شامل کرتےہوئے نئے ضلع کی تشکیل کی جائے، یہ ہماری برسوں کی مانگ ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے اس جدوجہد میں تیزی لائی گئی ہے، اس سے قبل کئی مقامات پر مشعل ریلی نکالتے ہوئے نگارا بجا کر حکومت کو متوجہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ہرایک کو کام یا موقع کے لئے ضلعی مرکز (کاروار) جاکر آنا مشکل اور پریشان کن ہوتاہے، انگریزوں نے جو کیا تھا اسی کو جاری رکھا گیا ہے، ہم میں سے ہرایک کی رائے یہی ہے کہ گھاٹ کے اوپر والے تعلقہ جات کو جوڑ کر نئے ضلع کی تشکیل کی جائے۔
اوپیندرا نے کہاکہ دہوں پہلے ہی سرسی کو تعلیمی ضلع بنایاگیا ہے، چند دن پہلے سرسی کا دورہ کرنے والے سرکاری ملازمین کے ریاستی صدر نے کاروار ضلع سے علاحیدگی اختیار کرتے ہوئے سرسی میں ہی الگ سے سرسی سرکاری ملازمین سنگھا کا اعلان کرچکے ہیں، اب ہماری مانگ ہے کہ سرسی کو علیحدہ ضلع بنانے کا بھی اعلان کیا جائے۔
مشعل ریلی میں ضلع ہوراٹا سمیتی کے سکریٹری منجوناتھ موگیر، تعلقہ صدر سی ایس گوڈر، نائب صدر جی جی ہیگڈے ، تعلقہ جنرل سکریٹری پی بی ہوسور، خازن واسودیو بیلگی ، پٹن پنچایت ممبران گروراج ، شانبھاگ، نندن بورکر، پرشانت شیٹھ، راگھویندر نائک وغیرہ موجود تھے۔